اڈپی26؍اکتوبر (ایس او نیوز)اڈپی کے کاپ نامی گاؤں میں چل رہے مبینہ غیر قانونی قصائی خانے پر پولیس نے چھاپہ مارتے ہوئے 6جانوروں کو ذبح ہونے سے بچالیا اور اسماعیل(66سال) اوران کے بیٹے ابّو(36سال) کو گرفتار کرلیا ۔واضح رہے کہ کاپ کے علاقے میں تین دن کے اندر پولیس کا یہ دوسرا چھاپہ ہے جو دو ہفتے پہلے یہاں پر تعینات ہونے والے سب انسپکٹر نتیانند گوڈا کے ذریعے غیر قانونی ذبح خانوں پر ماراگیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر صبح ۴ بجے کے وقت ایس آئی نتیا نند گوڈا نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا جو ایک عرصے سے قصائی خانے کے طور پر چلایا جارہا تھا ۔پولیس کے چھاپے سے گھبرا کر ملزمین گھر کے اندر چھپ گئے تو ایس آئی نے سرکل انسپکٹر ہالمورتی کو فون کرکے ان سے رہنمائی چاہی۔ سرکل انسپکٹرنے لیڈی پولیس کانسٹیبلوں کے ساتھ متعلقہ گھر پر پہنچ کر اندر چھپے ہوئے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔پولیس نے چھاپے کے دوران جانوروں کو ضبط کرنے کے علاوہ جانورو ں کی نقل وحمل کے استعمال ہونے والی مہیندرا ٹیمپو، گوشت کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے چاپرس اور لکڑی کے تودے وغیرہ بھی اپنے قبضے میں لیے۔پولیس کو شبہ ہے کہ جو جانور ذبح ہونے سے بچالیے گئے ہیں وہ مختلف مقامات سے چوری کیے ہوئے ہونگے ، کیونکہ ان میں سے ایک گائے کے کان میں دھات کا چھلّہ (metal tag)پڑا ہو اہے ۔ تمام جانوروں کو ادیاور کے گؤ شالہ میں بھیج دیا گیا ہے۔کاپ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرنے کے بعد پولیس مزید تحقیقات میں لگ گئی ہے۔